کاروار28؍فروری (ایس او نیوز) سرسی میں چل رہے کانگریس کے اجلاس میں شریک ہونے سے قبل کاروار میں کرناٹکا کانگریس پردیش کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار نے اخبارنویسوں سے گفتگو کے دوران بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’وہ لوگ خود کو کُلّی اختیارات کا مالک سمجھ رہے ہیں، اس لئے جس طرح چاہے اپنے اقتدار کا استعمال کرے ۔سماج کے جس طبقے کے لئے چاہے عہدے اور مقام دے۔جتنے چاہے بوڑدس اور کارپویشن بنالے۔ اس تعلق سے ہمیں کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہیں جو کچھ کرنا ہے وہ کرنے دیجیے۔ دیکھیں گے ۔‘‘ ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ ریاست کے وزیراعلیٰ سماج کے نام پر بھاشہ کے نام پر بورڈس قائم کرکے اُنہیں توڑنے کا کام کررہے ہیں۔ سماج میں اتحاد قائم کرنا کانگریس کا ایجنڈہ ہے، میں سماج میں پھوٹ ڈالنے کے خلاف ہوں، لیکن بی جے پی میں توڑنا اور حکومت کرنا معمول کی بات ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ بی جے پی میں قیادت کی تبدیلی کی جو باتیں ہورہی ہیں اس کے بارے میں کیا کہنا ہے تو شیوکمار نے کہا کہ ’’اُس پارٹی میں قیادت تبدیل ہونے کے سلسلے میں میں کچھ نہیں جانتا۔ لیکن یہاں سےجو لوگ (اپنی پارٹی چھوڑکر) گئے ہیں ، ان میں سے کچھ لوگ جو تحفہ انہیں دینا ہے وہ ضرور دینے والے ہیں۔‘‘